اہم خبریں

دنیا کا پہلا “روبوٹ فون” کب متعارف کرایا جائے گا؟ تاریخ کا اعلان

بیجنگ: روبوٹ فون کی دنیا میں ایک نئی پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ ایک چینی ٹیکنالوجی کمپنی نے دنیا کے پہلے روبوٹ فون کو 12 اگست کو چین میں متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے، جس کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا جدید روبوٹک کیمرہ سسٹم ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اسمارٹ فون کا کیمرہ روایتی فونز کی طرح ایک جگہ نصب نہیں ہوگا بلکہ ضرورت کے مطابق مختلف سمتوں میں حرکت کر سکے گا۔ ویڈیو ریکارڈنگ کے دوران یہ کیمرہ خودکار انداز میں گھومتے ہوئے صارف یا متحرک شے کو فالو کرے گا، جس سے ویڈیو کا معیار مزید بہتر ہو جائے گا۔

کمپنی کے مطابق فون کے اوپری حصے میں نصب خصوصی کیمرہ ماڈیول ضرورت پڑنے پر پاپ آؤٹ ہوگا اور مختلف زاویوں پر حرکت کرے گا۔ اس میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ٹریکنگ سسٹم شامل ہوگا، جو سامنے موجود شخص یا کسی بھی حرکت کرتی چیز کو خودکار طور پر شناخت کرکے اس کے مطابق کیمرے کی سمت تبدیل کرے گا۔

روبوٹ فون میں ٹرپل ریئر کیمرہ سیٹ اپ دیا جائے گا، جس کا مرکزی سینسر 200 میگا پکسل کا ہوگا۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ سینسر انتہائی واضح تصاویر لینے کے ساتھ ساتھ دور موجود اشیا کو بھی بہتر تفصیل کے ساتھ محفوظ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مزید یہ کہ اگر صارف چلتے ہوئے ویڈیو ریکارڈ کرے تو کیمرہ خود بخود حرکت کے مطابق ایڈجسٹ ہوتا رہے گا، جس سے ویڈیوز زیادہ ہموار، مستحکم اور سنیما جیسی کوالٹی کی نظر آئیں گی۔

اگر کمپنی کے دعوے عملی طور پر درست ثابت ہوئے تو یہ فون موبائل فوٹوگرافی اور ویڈیو ریکارڈنگ کے شعبے میں ایک نئی تبدیلی کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں