کراچی(نیوزڈیسک)اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کارروائی کے دوران منشیات کی بھاری مقدار تحویل میں لے لی جبکہ مُلزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔ترجمان کے مطابق اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے،کیماڑی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے رکشہ سے 3 کلو چرس برآمد کی گئی،مذکورہ کارروائی کے دوران 2 ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی۔اے این ایف نے راولپنڈی میں واقع نجی کوریئر آفس میں مالدیپ بھیجے جانیوالے پارسل سے ہیروئین برآمد کرلی،470 گرام ہیروئین کرکٹ ہارڈ بالز کے اندر مہارت سے چھپائی گئی تھی،اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دمام جانے والے چارسدہ کے رہائشی ملزم کے پیٹ سے 79 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔ترجمان کے مطابق ے این ایف اور ایف سی نے خیبر میں مشترکہ کارروائی کے دوران پلاسٹک کے تھیلوں سے 40 کلو چرس برآمد کی،لاہور کوٹ لکھپت میں واقع نجی کوریئر آفس میں نیوزی لینڈ بھیجے جانیوالے پارسل جیکٹ میں جذب 650 گرام مشکوک مواد برآمد کیا گیا۔