اہم خبریں

جنرل (ر) باجوہ نے تحریک عدم اعتماد میں پی ڈی ایم کی مدد کی، مصطفیٰ نوازکھوکھرکادعویٰ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پیپلزپارٹی کےسابق رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کی مدد کی تھی۔سابق آرمی چیف کو توسیع دینے کے لیے 12 منٹ کے اندر تاریخی قانون سازی ہوئی۔ایک ٹی وی پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے متعلق اب تمام باتیں اور شواہد سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں عمران خان کی جانب سے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو توسیع دینے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سابق آرمی چیف کو توسیع دینے کے لیے 12 منٹ کے اندر تاریخی قانون سازی ہوئی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ قمر جاوید باجوہ خود اپنی مدت میں توسیع کے خواہاں تھے اسی لیے یہ قانون بنایا گیا تھا۔پیپلزپارٹی کے سابق رہنما نے کہا کہ سابق آرمی چیف کو مدت میں توسیع کے لیے اسٹیبلشمنٹ کا اثرو رسوخ تھا، اختلافات کے باوجود تمام سیاست دان آناً فاناً قانون پر متفق ہوگئے تھے۔سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ اب متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) کے دھڑوں کو اکٹھا کیا جا رہا ہے، ایم کیو ایم کے اپنے رہنما کہہ رہے ہیں کہ انہیں اکٹھا کرنے میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فروری 2022 میں کہا گیا ہم نیوٹرل ہیں لیکن ادارے آج بھی نیوٹرل نہیں ہے۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں تحریک انصاف میں جانے کا کہا گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ میں نے اپنا استعفیٰ فروری میں ہی دے دیا تھا لیکن ملک میں جاری مہنگائی اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث استعفیٰ دینے میں تاخیر کا فیصلہ کیا۔سابق سینیٹر نے کہا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں دیا گیا بیان دباؤ میں آکر واپس لیا تھا۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے مزید کہا کہ سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد کے وقت جس طرح کیمرے لگے وہ کسی عام شخص کا کام نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا طریقہ کار بھی درست نہیں تھا۔

متعلقہ خبریں