اسلام آباد(اے بی این نیوز )وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے گلوبل ڈائریکٹر اسپیس ایکس ریان گڈنائٹ نے بدھ کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔اسں موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا اسپیس ایکس کی کمپنی اسٹار لنک نے ایس ای سی پی میں اپنی رجسٹریشن کرالی ہے، پاکستان میں تیزترین سیٹیلائٹ انٹرنیٹ سروسز کی راہیں ہموار ہورہی ہیں، اسٹار لنک کی سروسز سے ٹیلی کام آپریٹرز کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں کمی ہوگی، دور دراز علاقوں میں غیر فعال موبائل ٹاورز کو بھی کم خرچ پر فعال کیا جاسکے گا۔سید امین الحق نے کہا ہمارا بنیادی مقصد پاکستان کے ہر کونے تک سستے ٹیرف پر براڈ بینڈ سروسز پہنچانا ہے، اسٹار لنک اس ضمن میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔گلوبل ڈائریکٹر اسپیس ایکس ریان گڈنائٹ نے بھرپورتعاون پر وفاقی وزیر آئی ٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں تیزی سے آگے جارہا ہے، ہمارے بنیادی مراحل مکمل ہو گئے ہیں اور اب تیزی سے کام شروع کرنے کیلئے تیار ہیں۔















