وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

اسلام آباد(اے بی این نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق (آج )جمعرات کو خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، زیریں سندھ ،بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے جبکہ بلوچستان کے شمالی اورشمال مشرقی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، وسطی پنجاب، زیریں سندھ اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا۔سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں پسنی 40، کوئٹہ (سمنگلی 14، شیخ ماندہ 04)، تربت 10، جیوانی 09، اورماڑہ 08، گوادر 02، پنجگور 01، خیبرپختونخوا میں پاراچنار 16، مالم جبہ 04، دیر 01،سندھ میں مٹھی 14، کراچی (گلشن حدید، سعدی ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی 01)،کشمیر میں مظفرآباد (ایئرپورٹ 12، سٹی 11)، پنجاب میں ملتان (سٹی 10، ایئرپورٹ 06)، خانیوال 04، ڈی جی خان اورکوٹ ادو میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران ملک میں زیا دہ سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد،چھور،ٹنڈو جام اورمٹھی میں33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا۔