اسلام آباد(اے بی این نیوز)ابوظہبی میں پاکستانی سفارت خانہ میں پاکستان کے قومی دن کی مناسبت سے ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں سفارتکاروں، متحدہ عرب امارات کے حکام، ممتاز کاروباری شخصیات اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ وزیر رواداری شیخ نہیان مبارک النہیان نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں جمی انجینئر کے فن پاروں کی تصویری نمائش اور استاد رئیس کی وائلن پرفارمنس کے ساتھ ساتھ ہانیہ رئیس ترمذی نے “پاکستان” کے عنوان سے نظم پیش کی۔ اس موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اپنے خطاب میں پاکستان کے قومی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی جس نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کی بنیاد رکھی۔ یہ دن 1947 میں پاکستان کے قیام اور بعد میں قوم کی تعمیر اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ایک طویل اور مشکل جدوجہد کا نشان بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ آج کا پاکستان سائنس اور ٹیکنالوجی، آرٹ، طب اور انسان دوستی کے میدان میں بہت سی کامیابیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام بیرونی اور اندرونی خطرات کے خلاف ناقابل تسخیر دفاع حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہا ہے، آج کا پاکستان مضبوط، پراعتماد، معتدل اور تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ سفیر نے پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بھی اجاگر کیا ۔ انہوں نے پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور اس کے جیو اکنامک محل وقوع سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا اور پاکستان کے دوستوں کے تعاون اور اس کی سماجی و اقتصادی ترقی میں شراکت دار بننے پر زور دیا۔















