نوشہرہ ( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر صنعت وتجارت مخدو م سید مرتضی محمود نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ،آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ بہت جلد ہوجائے گا۔ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے ، پاکستان کے موجودہ سیاسی صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے، تما م سیاسی جماعتوں کو ملکی مفاد اور بہتر مستقبل کے لیے ایک میز پر آنا ہو گا ،حکومت کو مشکلات ضرور ہیں، تمام فیصلے آئین کے مطابق کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رسالپور انڈسٹریل اسٹیٹ میں نوشہرہ ماربل سٹی کے لیے ایک لاکھ 32کے وی اے گریڈ کے افتتا ح کے موقع پر خطاب اور میڈیاسے بات چیت کر تے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پاسڈک کے حکام مقامی صنعت کابھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ تنویر احمد اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر بریگیڈئر ڈاکٹر معراج نے وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفینگ دی۔ مخدوم سید مرتضیٰ محمود نے کہا کہ حکومت آئین کے مطابق اپنا کام جاری رکھے گی مشکلات ضرور ہیں لیکن ہم آئین کے مطابق چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا چاہیے تاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے ،پاکستان میں اللہ کے فضل وکر م سے کسی چیز کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف اچھے لوگوں کی ہے جو ایمانداری سے کام کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کی وجہ سے ملک انتہائی مشکل دور سے گزر رہا ہے معاشی سرگرمیاں بہت جلد شروع ہونگی ، صنعت اور تجارت کو بھی ترقی ملے گی ، ہم نے بنیادی اقدامات اٹھا لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کا پہیہ چلے گا اور برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ دوست ممالک کی شرائط پوری کرکے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ جلد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگ چھوٹے چھوٹے مسائل اور ذاتی عناد کو سامنے رکھ کر ایک دوسرے کے ساتھ ملنے اور بیٹھنے کے لیے تیار نہیں ہیں ، وقت کا تقاضہ ہے میثاق معیثت سمیت تما م مسائل مزاکرات کے میز پر حل ہو ں ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے دو صوبوں میں انتخابات کی تاریخ دے دی ہے وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عملدرامد کرائے گی۔















