وزیر اعظم کے مشیر محمد حنیف عباسی کا پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ

اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) وزیر اعظم کے مشیر محمد حنیف عباسی کی جانب سے پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) اور سویٹ ہوم کے بچوں سے ملاقات کی۔ بچوں نے پاکستانی ثقافت کی رنگا رنگ پرفارمینس سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا اور سماں باندھ دیا۔ تقریب میں پاکستان سویٹ ہوم کیڈیٹ کالج سوہاوہ کے کیڈٹس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس دوران پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی مشکور ہیں وزیر اعظم کے مشیر محمد حنیف عباسی جن کا دل پاکستان سویٹ ہوم کے فرشتوں اور پریوں کے ساتھ دھرکتا ہے۔ حنیف عباسی صاحب پاکستان سویٹ ہوم کے محسن ہیں۔ انہیں جب بھی ہم نے پکارا انہوں نے ہمیشہ پاکستان سویٹ ہوم کے مشن کو آگے بڑھانے اور تعمیر و ترقی میں بھرپور تعاون کیا۔ بلاشبہ آپ پاکستان میں فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ کوشاں ہیں اور یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت سمیت انسانیت کی بے لوث خدمات کے لیے بھی آپ نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے مجھے زندگی کے خوبصورت مشن سے نوازا ہے۔ پاکستان سویٹ ہوم اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے۔ 2009 میں پاکستان سویٹ ہوم کا آغاز ایک بچے سے ہوا اور آج ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بچیاں پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کے بچے اور بچیاں آج ملک کی نامور یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔ یہ ہمارا روشن مستقبل ہیں۔ دنیا کی تاریخ کا پہلا کیڈٹ کالج جو صرف یتیم بچوں کے لیے شہیدوں و غازیوں کی سرزمین گوجر خان میں واقع ہے جہاں 200 سے زائد کیڈٹس زیر تعلیم ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کے مراکز کراچی، سکھر، سرگودھا، گجر خان، کشمیر، شمالی وزیرستان اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں پھیلے ہوئے ہیں جہاں ہزاروں یتیم بچے زیر کفالت اور بہترین ماحول میں تربیت پا رہےہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کی بچیاں میرٹ پر کیڈٹ کالج لاڑکانہ کا بھی حصہ ہیں۔ زمرد خان کا مزید کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں پاک فوج کے تعاون سے گولڈن ایرو سویٹ ہوم قائم ہے، اللہ تعالیٰ کے مشن پر نکلا تو سیاست کو خیرباد کہہ دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ وقت بھی دور نہیں جب میرے یہ بیٹے اور بیٹیاں دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر بنیں گے، ڈاکٹر، انجینئر، اور پروفیسر بن کر ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔ میں ان بچوں کو بڑے آدمی نہیں بلکہ بڑے انسان بنانا چاہتا ہوں جو دنیا میں انسانیت کی خدمت میں پاکستان کی پہچان ہونگے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا میں جب بھی پاکستان سویٹ ہوم آتا ہوں بے حد سکون اور اطمینان ملتا۔ پاکستان میں اتنے بڑے پیمانے پر ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت کا عظیم کام جاری ہے۔ ان بچوں سے مل کر بےحد متاثر ہوتا ہوں اور ان کے جذبے، حوصلے اور اعتماد ہمیشہ دل جیت لیتے ہیں اور یقیناً ان کے پاپا جانی زمرد خان صاحب خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے اس عظیم مشن کا بیڑا اٹھایا اور بڑے احسن انداز میں یہ عظیم کام سر انجام دے رہے ہیں۔ دنیا میں اس سے عظیم اور کیا کام ہوسکتا ہے کہ آپ کسی یتیم بچے کی کفالت اور اسے بہترین تعلیم و تربیت دے کر اپنے پاؤں پر کھڑا کریں۔ بطور وزیر اعظم کے مشیر بھی میں مبارکباد پیش کرتا ہوں ہزاروں یتیم بچوں کے پاپا جانی زمرد خان صاحب اور ان کی تمام ٹیم کو جو اتنے عظیم مشن کی طرف گامزن ہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ بچے بہت آگے جائیں گے اور مستقبل میں اپنے ملک و قوم کا فخر بنیں گے۔ حکومت پاکستان سمیت میں خود بھی زمرد خان صاحب کے اس عظیم مشن میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوں اور ہم ہر ممکن تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ جہاں تک ممکن ہے ان بچوں کی بہتری کے لیے زمرد خان صاحب کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔تقریب میں سینیٹر احمد خان، صدر اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن سردار طاہر، سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد ذیشان نقوی، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر فہد وحید، سابق صدر عامر وحید و دیگر بھی شریک تھے۔تقریب کے اختتام پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے وزیر اعظم کے مشیر محمد حنیف عباسی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔