عمران خان قومی اسمبلی کی 6 نشستوں سے ڈی نوٹیفائی، نوٹی فکیشن جاری

اسلام آباد(نیوزڈیسک) الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو 6 نشستوں سے ڈی نوٹیفائی کردیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عمران خان این اے 45 کرم سے رکن قومی اسمبلی رہیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آئین کے تحت زیادہ نشستوں پر جیتنے والا ایک سیٹ ہی رکھ سکتا ہے، انتخابی نتیجہ جاری ہونے کے بعد 30 دن میں اضافی نشستوں سے مستعفی ہونا لازمی ہے، ازخود مستعفی نہ ہونے والا صرف اس نشست پر برقرار رہے گا جو سب سے آخر میں جیتی ہو اور عمران خان نے آخری نشست این اے 45کرم سے جیتی تھی۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کی جیتی ہوئی 6 نشستیں خالی قرار دینے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور سے عمران خان کی نشستیں خالی ہوگئیں ہیں۔ اس کے علاوہ این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ اور این اے 239 کراچی سے عمران خان کی نشست خالی قرار دی گئی۔