اہم خبریں

توانائی بچت پروگرام ،ملک بھرمیں مارکیٹیں رات 8،شادی ہالز 10 بندبجے کرنےکا فیصلہ

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) ملک بھر میں توانائی بچت پروگرام کے تحت شادی ہالز رات 10 اور مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا،اجلاس کے بعد وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قمر زمان کائرہ اور مریم اورنگزیب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کفایت شعاری سے متعلق پالیسی تشکیل دی جارہی ہے، دنیا میں واحد ملک پاکستان ہے جس میں رات دیر تک مارکیٹس کھلی رہتی ہیں، توانائی کی بچت اور کفایت شعاری پروگرام میں ملک کی معاشی نجات ہے، توانائی کی بچت کے سوا ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں، ہمیں اپنے وسائل کے ضیاع کو روکنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایل ای ڈی بلب کے استعمال سے 23 ارب روپے کی بچت ہوگی، گھروں میں پنکھے اور ائرکنڈیشنڈ کے استعمال میں بچت سے 8 سے 9 ہزار میگاواٹ بجلی بچائی جا سکتی ہے۔ کپیسٹی پیمنٹس کی مد میں 28 ارب ماہانہ بچت ہوگی، گیس فراہم کرنے والی کمپنیاں گیزر کے لیے بچت کے آلات فراہم کریں گی، جس سے 92 ارب روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔ متبادل اسٹریٹ لائٹس جلانے سے 4 ارب روپے کی بچت ہوگی، ای بائیکس متعارف کروائی جارہی ہیں، محدود مدت کے اندر یہ موٹر سائیکلیں مارکیٹ میں آ جائیں گی۔ امپورٹ شروع ہو چکی ہے، موٹر سائیکل کمپنیوں کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ ای بائیکس آنے سے 86 ارب روپے کی بچت ہوگی۔وزیر دفاع نے کہا کہ سرکاری اداروں میں 20 فیصد افرادی قوت گھر سے کام کرے تو 56 ارب روپے کی بچت ہوگی ، ان اقدامات سے 62 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ پرانے پنکھے 120 سے 130 واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں جبکہ نئے پنکھے تقریباً 40 سے 60 واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں ، ان پنکھوں کے استعمال سے 15 ارب روپے کی بچت ہو سکتی ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہماری ان تجاویز کو مثبت طرح سے دیکھا جائے، یہ اقدامات اٹھانے ناگزیر ہیں اس کے علاوہ کوئی اقدامات نہیں، بجلی پیدا کرنے کے لئے کارخانوں میں جو کول استعمال ہوتا ہے وہ بہت مہنگا ہے

متعلقہ خبریں