حکومت پنجاب نے “وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ”(Rehmat Card) پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل جاری ہے۔
حکام کے مطابق اس اسکیم کا مقصد ایسے خاندانوں کی معاونت کرنا ہے جو مالی مشکلات کا شکار ہیں، خصوصاً بیوہ اور مستحق خواتین کو معاشی سہارا فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
پروگرام کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 14 مئی مقرر کی گئی ہے، جبکہ امدادی رقم کی ادائیگیاں متوقع طور پر جون 2026 سے شروع کی جائیں گی۔
اسکیم میں درخواست دینے کے لیے چند ضروری دستاویزات فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جن میں اصل کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ، شوہر کا نادرا سے جاری کردہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ، بچوں کے بے فارم اور شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ فعال موبائل نمبر شامل ہیں۔
حکام نے بتایا کہ رحمت کارڈ پروگرام کے لیے صوبائی زکوٰۃ فنڈ سے پانچ ہزار ملین کی ریکارڈ رقم مختص کی گئی ہے۔ اس لیے شرعی طور پر زکوٰۃ کی مستحق مسلم بیوائیں اور یتیم بچے ہی اس پروگرام کے اہل ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام درخواست گزار خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مکمل اور درست معلومات فراہم کریں تاکہ درخواستوں کی جانچ پڑتال اور امدادی رقم کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
حکومت پنجاب کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے مستحق خواتین کو مالی طور پر بااختیار بنانے اور ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کی جائے گی۔















