تحریک انصاف کےراہنما نعیم حیدر پنجوتھہ اے بی این نیوز کے پروگرام تجزیہ میں گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ پارٹی قیادت ملک کے مفاد میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے اور ہر قانونی محاذ پر مقدمات کو چیلنج کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر طویل عرصے سے فیصلہ نہ آنا تشویشناک ہے اور اس سے انصاف کے نظام پر سوالات اٹھتے ہیں۔ انہوں نے احتساب اداروں کی کارکردگی اور عدالتی کارروائیوں میں تاخیر پر بھی تنقید کی۔
انہوں نے احتجاجی مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال، گرفتاریوں اور مبینہ سخت رویے کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی آواز کو دبانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق سیاسی اختلاف کو طاقت کے ذریعے حل کرنے کی پالیسی ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔
مون سون ،ممکنہ بارشوں اور سیلاب کی آمد،مریم نواز نے سخت ترین ہدایات جاری کر دی
دوسری جانبن لیگ کی راہنما شمائلہ رانا نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تمام مقدمات ایک آزاد عدالتی عمل کے تحت چل رہے ہیں اور حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی سیاسی قیادت نے عدالتوں کا سامنا کیا اور قانون کا احترام کیا، اسی طرح موجودہ حالات میں بھی تمام فیصلے آئین کے مطابق ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ ایک خودمختار ادارہ ہے اور اس پر دباؤ ڈالنے یا من پسند فیصلے لینے کی کوششیں درست نہیں۔ ان کے مطابق ہر سیاسی جماعت کو چاہیے کہ وہ آئینی حدود کے اندر رہ کر اپنا کردار ادا کرے۔















