اہم خبریں

بجلی کے شعبے کا گردشی قرضہ بڑھ گیا، آٹھ ماہ میں 224 ارب روپے اضافہ

اسلام آباد(رضوان عباسی )پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں کمی کے حکومتی اقدامات کے باوجود رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق جولائی 2025 سے فروری 2026 تک بجلی کے شعبے کے گردشی قرضے میں 224 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
روزنامہ اوصاف و اے بی این نیوز کو حاصل پاور ڈویژن کی سرکلر ڈیٹ رپورٹ کے مطابق فروری 2026 تک بجلی کے شعبے کا مجموعی گردشی قرضہ بڑھ کر 1837 ارب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ جون 2025 کے اختتام پر اس کا حجم 1614 ارب روپے تھا۔
رپورٹ کے مطابق حکومت نے ستمبر 2025 میں گردشی قرضہ کم کرنے کے لیے بینکوں کے ساتھ 1225 ارب روپے کے معاہدے کیے تھے، تاہم اس کے باوجود قرضے میں اضافہ جاری رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2025 سے فروری 2026 کے دوران پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں مزید 144 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
دستاویزات کے مطابق ستمبر 2025 تک پاکستان کے پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 1693 ارب روپے تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بجلی کے شعبے میں مالی نظم و ضبط اور وصولیوں کے نظام کو بہتر بنائے بغیر گردشی قرضے پر قابو پانا مشکل ہوگا۔

متعلقہ خبریں