اہم خبریں

“دھی رانی پروجیکٹ” کا ویب پورٹل تیار، ہیلپ لائن پر بھی رابطہ ممکن، کون کون شمولیت کے اہل؟ جانیے

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں شروع کیے جانے والے “دھی رانی پروگرام” کے تحت سٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب، سہیل شوکت بٹ نے بذریعہ زوم لنک کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے سیاسی مشیر ذیشان ملک، سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید محمود اختر، اور ڈی جی سوشل ویلفیئر سکندر ذیشان بھی موجود تھے۔ مختلف ڈویژنز کے کمشنرز نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں “دھی رانی پروگرام” کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی گئی اور پروگرام کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی سوشل ویلفیئر سکندر ذیشان نے پروگرام کے اہداف اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اس پروگرام میں غریب، یتیم اور جسمانی معذوری کا شکار خواتین جو کہ 18 سے 40 سال کی عمر کے درمیان ہوں، شمولیت کے اہل ہوں گی۔ ان خواتین کے والدین بھی معذور ہونے چاہئیں تاکہ وہ اس فلاحی منصوبے کا حصہ بن سکیں۔

دھی رانی پروجیکٹ” کا ویب پورٹل مکمل طور پر آپریشنل ہو چکا ہے، جس پر سائلین اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، درخواست گزاروں کو متعلقہ ضلع کے سوشل ویلفیئر دفاتر یا ڈپٹی ڈائریکٹر آفس میں بھی درخواستیں جمع کروانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے اس پروگرام کے تحت صوبے بھر کے مختلف اضلاع میں اجتماعی شادیوں کے اہتمام کا اعلان کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 1500 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کرائی جائیں گی۔ اس سلسلے میں درخواستوں کی آخری تاریخ 5 نومبر سے بڑھا کر 15 نومبر کر دی گئی ہے۔

صوبائی وزیر نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ اجتماعی شادیوں میں شامل جوڑوں کو ایک لاکھ روپے کی سلامی دی جائے گی اور تحفوں کی خریداری پیپرا کے ذریعے کی جائے گی تاکہ منصوبے میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ، سموگ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اجتماعی شادیاں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اور ضلعی سطح پر کی جائیں گی، جن میں 50 شادیاں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں اور 25 شادیاں ضلعی سطح پر ہوں گی۔

مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے سائلین ہیلپ لائن پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں