کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی سردی کی شدت میں اضافہ ،ٹھنڈ سے بچنے کے لیے جلائی آگ کی زد میں آکر ایک ہی خاندان کے 6 افراد جھلس گئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں اورنگی ٹاؤن کے علاقہ منصور نگر سیکٹر ساڑھے گیارہ گلی میں قائم گھر کے اندر آگ بھڑکنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق بشیر نامی شخص کے گھر میں اہلخانہ نے سردی سے بچنے کے لیے چولہا جلایا ہوا تھا، اس دوران قریب رکھی ہوئی پیٹرول کی بوتل گری جس کی وجہ سے فوری آگ بھڑک اٹھی، آگ بچانے کے دوران قیمتی سامان جل گیا،آگ کو بجھانے میں گھر کا سربراہ 58 سالہ محمد بشیر 30 فیصد تک جھلس گیا جبکہ اس کے 3 بیٹے 16 سالہ سفیان 40 فیصد، 18 سالہ حسن 100 فیصد، 28 سالہ ذیشان 70 فیصد، بیٹی 20 سالہ سونیہ اور بشیر کی بہو نورین زوجہ زیشان 60 فیصد تک جھلس کر زخمی ہوگئی جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔















