اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افغانستان میں پاکستان کے سفارتی عملے کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کابل پر دہشتگرد حملے کے تناظر میں افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو فون کیا ۔اس موقع پر افغان قائم مقام وزیر خارجہ نے پاکستانی ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ۔امیر خان متقی نے دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے پختہ عزم کا اعادہ کیا جبکہ قائم مقام افغان وزیر خارجہ نے سیکیورٹی گارڈ اسرار محمد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار بھی کیا۔افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ فغان حکومت گھناؤنے حملے کے ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے یکجہتی کے بھرپور اظہار پر عبوری افغان حکومت کا شکریہ ادا کیا جبکہ وزیر خارجہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان کے سفارتی عملے کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے، افغان حکومت دہشتگرد عناصر کو پاکستان، افغانستان تعلقات خراب کرنے سے روکے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان ایسے بزدلانہ دہشتگرد حملوں سے کبھی مرعوب نہیں ہوگا۔