اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہ کروانے پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک وفاقی، تین صوبائی وزرا اور ایک مشیر سمیت 21 پارلیمنٹیرینز کی رکنیت معطل کردی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ارکان پارلیمنٹ نے 31 دسمبر تک اپنے اور اپنے اہلخانہ کے اثاثوں، واجبات کی تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جمع کروانی تھیں، اثاثوں کی تفصیلات جمع کروانے کے لیے 15 جنوری 2023 تک توسیع کی گئی تھی۔ 3 ارکان قومی اسمبلی وفاقی وزیر سردار اسرار ترین، مولانا عصمت اللہ، سید محمود شاہ کی بھی رکنیت معطل،سینیٹرز احمد خان ، انوارالحق کاکڑ، عبدالقادر، مولانا عبدالغفور حیدری، منظور احمد کاکڑ ، سعید احمد ہاشمی کی رکنیت معطل کردی۔12 ارکان صوبائی اسمبلی مولوی نور اللہ، وزیراعلیٰ کے مشیر میر عمر جمالی، سردار یار محمد رند، عبدالواحد صدیقی، صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی، ملک نعیم بازئی، صوبائی وزیر مبین خلجی، میر عارف جان محمد حسنی، میر نعمت اللہ زہری، میر اکبر مینگل، صوبائی وزیر میر اکبر آسکانی اور میر حمل کلمتی نے اپنے اور اپنے اہلخانہ کے اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع نہیں کروائیں تھیں جس پر ان کی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔















