اسلام آباد(نیوزڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں عدم پیشی پر فیصلہ محفوظ ، سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی ۔الیکشن کمیشن میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی، جس میں وارنٹ گرفتاری کے باوجود عمران خان پیش نہیں ہوئے۔دوران سماعت معاون وکیل نے بتایا کہ فیصل چودھری اور دیگر وکلا لطیف آفریدی کے جنازے میں گئے ہیں۔ جس پرالیکشن کمیشن کے ممبر بلوچستان نے استفسار کیا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کہاں ہیں؟۔ ممبر پختونخوا نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ نے وارنٹ معطل کئے ہیں، لیکن پیشی سے نہیں روکا۔ حاضری سے استثنا کی درخواست بھی دائر نہیں کی گئی۔الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کی عدم پیشی پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی۔















