کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے دیوار میں لگی کلہاڑی پر سر مار دیا، کراچی اور حیدرآباد میں پی ٹی آئی کا مئیر بنے گا۔تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سندھ صدر علی زیدی نے کہا ایم کیو ایم کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ عمران خان کو چھوڑیں گے تو عوام پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہوگی، کراچی اور حیدرآباد میں پی ٹی آئی کا مئیر بنے گا،حضرت خالد مقبول صدیقی سجھتے ہیں میئر خیرات میں دیا جائے گا۔ زکوٰۃ کھانے والے، فطرہ چوری کرنے والے کسے خیرات دیں گے، خدمت خلق فاؤنڈیشن کی گاڑیوں میں اسلحہ لے جانے والے کسے خیرات دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی الیکشن رولز کی دھجیاں اڑا رہی ہے، الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے پاس انتخابات کے لیے امیدوار ہی نہیں،ایم کیو ایم والوں کے پاس الیکشن کے بائیکاٹ کا بہانہ اچھا ہے، یہ بائیکاٹ کردیں گے لیکن حکومت نہیں چھوڑیں گے۔















