اسلام آباد(نیوزڈیسک)پیپلزپارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو نے کہا ہےکہ جب جب لاڈلے کو لایا گیا نقصان ہی ہوا ہے، اس لاڈلے نے تو ریاستی اداروں پر حملہ کیا۔پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے نجی ٹی وی سے بات چیت میں کہا کہ کراچی کے حالات بہتر ہیں، پہلے جیسے نہیں، ایم کیو ایم کراچی کی طاقت تھی، خود کو ضائع کیا، ایم کیو ایم پہلے بھی ن لیگ سے اتحاد کرچکی ہے، ن لیگ بغیر اتحادیوں کے ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتی۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ہم پنجاب میں اکثریت میں نہیں، معجزہ کرکے دیکھائیں گے، ہم پنجاب میں سرپرائز دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ضیاء الحق نے11 سال تک مسلم لیگ (ن) لیگ کو پالا، پنجاب سے پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، پنجاب میں بلاول بھٹو کا شاندار استقبال کیا گیا، پنجاب میں ہمارا ن لیگ سے اتحاد کارکنان کو پسند نہیں۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ میں پنجاب میں حکومت بنانے کا دعویٰ نہیں کرتا، الیکشن میں پنجاب میں بڑی تبدیلی نظر آئے گی، 2018 میں انتخابات نہیں تھے، مخصوص گروہ کا چناؤ تھا، جب جب لاڈلے لائے گئے نقصان ہی ہوا ہے، اس بار لاڈلے نے ریاستی اداروں پر حملہ کیا۔مولا بخش چانڈیو نے یہ بھی کہا کہ میرے خیال میں ن لیگ کے لیے بھی آسان میدان نہیں ہوگا، سینیٹ میں پاس قرارداد اکثریت کی قرارداد نہیں، قوم قاضی صاحب پر اعتماد کرتی ہے، قرارداد کا انتخابات پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔















