اہم خبریں

ڈاکٹر زینب منصور نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرلی، سردار مسعود خان کی مبارکباد

واشنگٹن ڈی سی(اے بی این نیوز)امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر سردارمسعود خان نے واشنگٹن میں مقیم پاکستانی نژاد ماہر اطفال ڈاکٹر زینب منصور سے ویڈیو لنک کے ذریعے بات کی جنہوں نے حال ہی میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کیا۔دنیا کے بلند ترین پہاڑ کو سر کرنا انسانی عزم، استقامت اوردنیا کو جاننے کے جذبے کی علامت ہے۔ڈاکٹر زینب منصور کا شمار پاکستان کی ان خواتین میں ہوتا ہے جنہوں نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا۔ ڈاکٹر زینب اس چوٹی کو سر کرنے والی تیسری پاکستانی خاتون ہیں۔ اس سے قبل محترمہ ثمینہ بیگ اور محترمہ نائلہ کیانی نے دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کی تھی۔ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھنے کے لیے سخت تربیت اور غیر متزلزل عزم کی اپنی کہانی بتاتے ہوئے ڈاکٹر زینب نے کہا کہ وہ اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے اپنے بچپن سے خود کو تیار کر رہی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے دنیا کی سات بڑی چوٹیوں میں سے پانچ بلند ترین چوٹیوں کو سر کیا ہے جن میں افریقہ میں کلیمنجارو، یورپ میں ایلبرس، شمالی امریکہ میں ڈینالی، انٹارکٹیکا میں ونسن اور اب ایشیا میں ایورسٹ شامل ہیں۔انہوں نے سفیر پاکستان کے ساتھ اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پاکستان کا جھنڈا بلند کرنے پر فخر محسوس ہوا۔ اس کارنامے پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ انہوں نے اپنے کارنامے سے ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔آپ کی اس کامیابی نے پاکستانی خواتین کی بے پناہ صلاحیت کو ظاہر کیا۔ یہ کامیابی پاکستان کے لئے باعث فخر ہے اور آنے والی نسلوں، خاص طور پرہماری لڑکیوں کے لیے بڑے خواب دیکھنے کی ایک اعلیٰ مثال قائم کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں