عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کرنیوالی جے آئی ٹی کا تفتیش پر اعتراض سامنے آ گیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی کو مشکلات کا سامنا ، ذرائع کے مطابقعمران خان پر حملے کی تفتیش سی سی پی او نے اینٹی کرپشن کے ایک افسر کو سونپ دی ہے۔

جے آئی ٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن میں تعینات انور شاہ ملزم سے اس کیس کی تفتیش کر رہے ہیں، جے آئی ٹی کے کسی ممبر کو ملزم سے تفتیش یا پوچھ گچھ نہیں کرنے دی گئی۔ذرائع نے کہا کہ جے آئی ٹی کے 4 ممبران نے موجودہ تفتیش سے عدم اعتماد کا اظہار کردیا اس حوالے سے محکمۂ داخلہ اور آئی جی پنجاب کو آگاہ کر دیا ہے۔

جے آئی ٹی نے تحریری طور پر محکمۂ داخلہ کو مراسلہ بھیج دیا ہے، جے آئی ٹی ارکان کا ملزم نوید سے سی سی پی او اور انور شاہ کی طرف سے کی گئی تفتیش سے اختلاف ہے۔اختلاف کرنے والے ارکان میں خرم شاہ، نصیب اللّٰہ، احسان اللّٰہ اور ملک طارق محبوب شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 3 نومبر کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین زخمی ہوئے تھے۔واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس نے فائرنگ کرنے والے شخص کو کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا۔