اہم خبریں

سیلاب متاثرین کے لیے 100 ارب روپے خرچ کیے ، اب بھی ان کے لیے کئی سو ارب روپے درکار ہیں،شہباز شریف

کوئٹہ ( نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاق نے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ارب روپے خرچ کیے اور اب بھی ان کے لیے کئی سو ارب روپے درکار ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اس لیے وجود میں آیا تھا کہ سب کو برابر کے حقوق ملیں گے، سب اپنی محنت کے بل بوتے پر معاشرے میں اپنا مقام حاصل کریں گے لیکن آج ایسا نہیں ہے، آج جس کی لاٹھی اس کی بھینس ہے۔مہنگائی عروج پر ہے اس میں کوئی شک نہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے شہر صحبت پور میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی مخدوش حالات میں ہم نے حکومت سنبھالی، آئی ایم ایف سے معاہدہ ٹوٹ چکا تھا، مہنگائی عروج پر ہے اس میں کوئی شک نہیں، پاکستان کو پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے ہمیں خود ہمت پیدا کرنی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ 9 جنوری کو سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے ساتھ جنیوا میں ڈونرز کانفرنس کروں گا، اسی سلسلے میں برادر ممالک کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ پاکستان کو پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے ہمیں خود ہمت پیدا کرنی ہوگی، سیلاب کے دنوں میں یہ علاقہ اور اسکول پانی میں ڈوبا ہوا تھا لیکن آج صحبت پور کا یہ علاقہ دیکھ کر دل باغ باغ ہوگیا اور یہ تمام چیزیں دیکھ کر مجھے پنجاب کے دانش اسکول یاد آگئے۔پورے بلوچستان میں 12 دانش اسکول بنانے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دانش اسکول میں غریب اور یتیم بچوں کے لیے مفت تعلیم اور کھانا کا انتظام ہو گا، چیف سیکرٹری بلوچستان دانش اسکولوں کے لیے زمین ڈھونڈیں اور فوری سنگ بنیاد رکھیں۔وزیراعظم نے اسی حوالے سے مزید کہا کہ صحبت پور دانش اسکول میں ہاسٹل اور دیگر سہولتیں مکمل ہونے پر 23 مارچ کوافتتاح کریں گے، بلوچستان میں اعلان کردہ 12 دانش اسکولوں کے ساتھ کلینک بھی ہوں گے اور اسکولوں کو شمسی توانائی کے ساتھ چلایا جائے گا جبکہ اسکولوں میں ای لائبریری بھی ہو گی۔اس موقع پروزیر اعظم نے والدین سے درخواست کی کہ بچوں کو اسکول لائیں اور انہیں غیر حاضر نہ کریں، دانش اسکول کا مطالبہ پورا کر دیا ہے اور باقی مطالبات نوٹ کر لیے ہیں، ابھی بھی ہزاروں لاکھوں لوگ امدادکے منتظر ہیں، گھروں کامعاوضہ دینےکی بات ذہن میں آتی ہے تو رات کو نیند نہیں آتی، 10 لاکھ گھر پانی میں بہہ گئے ہیں، انشاء اللہ معاوضہ دیں گے۔

متعلقہ خبریں