اہم خبریں

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، دہشتگردوں کیخلاف بلا تفریق کارروائیوں کی منظوری دی جائے گی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، دہشتگردوں کیخلاف بلا تفریق کارروائیوں کی منظوری دی جائے گی۔ جمعہ کو تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے،قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس سے متعلق فیصلہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ملک میں دہشت گردی کی لہر کے پیش نظریہ اجلاس طلب کیا گیا ہے جب ملک کے کئی علاقے بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان دہشت گردی کے نشانے پر ہیں۔ دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ایک خودکش حملہ ہو چکا ہے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی وزیراعظم سے ملاقات سے قبل راولپنڈی میں دو روزہ کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں عزم ظاہر کیا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔اطلاعات کے مطابق آج ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی منظوری دی جاسکتی ہے۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم، وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور وزیراطلاعات کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور آئی ایس آئی چیف شرکت کریں گے۔

متعلقہ خبریں