لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سنیئر رہنماء اور سابق وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت کا جن پی ڈی ایم کو چین سے سونے نہیں دے رہا،ہم ٹیکنوکریٹ حکومت کے شوشے کی مذمت کرتے ہیں۔جمعرات کو ٹیکنوکریٹ حکومت کے شوشے کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے سنیئر رہنماء اور سابق وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی مقبولیت کا جن پی ڈی ایم کو چین سے نہیں سونے دے رہا،پی ڈی ایم نے عمران خان کی مقبولیت کے ڈر سے سندھ اور اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشنز ملتوی کروائے، اب یہ لوگ قومی الیکشنز کروانے سے گریزاں ہیں اور فرار چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب پی ڈی ایم کی جانب سے ٹیکنوکریٹ حکومت کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے جس کی آئین میں گنجائش نہیں، عمران خان کو ملکی سیاست سے دور رکھنے کے لئے ایسی باتیں کی جا رہی ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پوری پی ٹی آئی اس شوشے اور اختراع کی پر زور مذمت کرتی ہے، اگر ایسا ہوا تو اسکی بھرپور طریقے سے مزاحمت کریں گے۔