اہم خبریں

ہم اسمبلی میں جانے کا کہتے ہیں تو اسپیکر فرار ہوجاتے ہیں ، آئین سے ماورا نظام ہمیں قبول نہیں، فواد چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ء فواد چوہدری نے کہا کہ ہم اسمبلی میں جانے کا کہتے ہیں تو اسپیکر فرار ہوجاتے ہیں، معاشی بحران سیاسی بحران کی وجہ سے ہے، آئین سے ماورا نظام ہمیں قبول نہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ استعفوں کے معاملے پر آج اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جانا تھا لیکن اب ارکان کو کل بلایا گیا ہے، ہمارے اراکین نے ایوان میں کھڑے ہوکر استعفے دیے، استعفے دینے کے بعد آج تک الیکشن نہیں ہوئے، ہم نے اسپیکر کو تصدیق کے لئے خط بھی لکھا، جب ہم اسمبلی میں جانے کا کہتے ہیں تو اسپیکر فرار ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ بیرونی دورے پر ہی رہتی ہے، ان لوگوں نے بیرونی دوروں کا نام حکومت رکھا ہوا ہے۔فواد چوہدری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 8 ماہ کے دوران دہشت گردی میں 52 فیصد اضافہ ہوگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں دنیا بھر کے سیاح پاکستان آرہے تھے، آج دوسرے ممالک اپنے شہریوں پر پابندی لگا رہے ہیں، کئی ملکوں نے اپنے شہریوں کو پاکستان جانے کے بارے میں ایڈوائزری جاری کردی ہے ۔ انہوچں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی افغان پالیسی بہت مثبت تھی، بلاول کو افغانستان کی صورتحال کا علم ہی نہیں، حکومت انضمام اضلاع کو ایک روپیہ بھی نہیں دے رہی، حکومت کا کام عوام کے مسائل حل کرنا ہوتا ہے، شہبازشریف نے ایک دن بھی افغانستان صورتحال پربریفنگ نہیں لی،ہماری بہترین حکومت کو گھربھیج دیا گیا، جوکروں کی حکومت کو ہم پر مسلط کردیا گیا، پاکستان کے ساتھ مزید تجربات بند کردیے جانا چاہئیں، معاشی بحران سیاسی بحران کی وجہ سے ہے، آئین سے ماورا نظام ہمیں قبول نہیں، ہم ملک میں فوری طور پر عام انتخابات چاہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں