اسلام آباد( اے بی این نیوز )وفاقی کابینہ نے پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی سے متعلق وزارت خزانہ کی جانب سے بھیجی گئی سمری پارلیمنٹ کو ریفر کر دی۔وفاقی کابینہ نے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی پنجاب انتخابات کے حوالے سے رقم فراہم کرنے کی سفارشات کی روشنی میں تیار کی گئی سمری کی منظوری دیتے ہوئے پارلیمنٹ کو بھیج دی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں خواجہ آصف، رانا تنویر، ایاز صادق، امیر مقام، مرتضٰی جاوید عباسی، رانا ثنااللہ، مصدق ملک، اسعد محمود، شاہ زین بگٹی، ریاض پیرزادہ اور حنا ربانی کھر سمیت دیگر اراکین شریک ہوئے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے فنڈز سے متعلق فیصلے پر غور کیا گیا، شرکاء کو وزارت خزانہ، وزارت قانون اور اسٹیٹ بینک حکام نے بریفنگ دی، جس کے بعد کابینہ نے پنجاب میں انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی کی سمری منظور کرلی۔اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ قائمہ کمیٹی نے معاملہ کابینہ اور قومی اسمبلی کے سپرد کیا ہے، قائمہ کمیٹی نے قرار دیا ہے کہ سٹیٹ بینک کو براہ راست اخراجات کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔کابینہ کے اجلاس میں مرحوم وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی، وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عبدالشکور کا دین سے بڑا گہرا تعلق تھا، وہ نیک انسان تھے اور کھری اور سچی بات کرتے تھے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ معاشی مشکلات کے باعث کابینہ نے سادگی کی پالیسی کو اپنایا، مفتی عبدالشکور کی شخصیت سادگی کا عملی نمونہ تھی۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات سے متعلق کیس میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کو حکم دیا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 21 ارب روپے جاری کئے جائیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کی کار حادثے میں انتقال پر گہرے افسوس اور رنج اظہار کیا گیا اور ان کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی. اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے. وزیر اعظم نے کہا کہ مرحوم مفتی عبدا لشکور کی دینی اور سیاسی خدمات سر انجام دیں.انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب ایک جید عالم با عمل مسلمان اور بے پناہ علم رکھنے والی شخصیت تھے. انکا کہنا تھا کہ کابینہ میں اپنے ایک سال کے مختصر عرصے میں انہوں نے ہم سب پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں. انہوں نے جس مستعدی, محنت, لگن اور تن دہی کے ساتھ حج آپریشنز سر انجام دئیے وہ لائق تحسین ہے. وزیر اعظم نے کہا کہ سیاسی لحاظ سے وہ اپنی جماعت جے یو آئی (ف) کے ماتھے کا جھومر تھے. انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم مفتی صاحب کے رفقاء انکی عاجزی اور نیک نیتی کی گواہی دے رہے ہیں.ان کے انتقال سے نا صرف انکے خاندان کے لئے بلکہ کابینہ, پارلیمان اور سیاست سب کے لئے ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے. اجلاس میں ٹائمز میگزین کی جانب سے وفاقی وزیر شیری رحمان کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پر اثر آواز اٹھانے پر دنیا کے سو با اثر لیڈران کی فہرست میں شامل کیے جانے پر انھیں مبارکباد اور خراج تحسین پیش کیا گیا. وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی جانب سے بھیجی گئی سمری جو کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی براے خزانہ و محصولات کی الیکشن کمیشن کو پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں انتخابات کے حوالے سے رقم فراہم کرنے کی سفارشات کی روشنی میں تیار کی گئی ہے, کو قومی اسمبلی کو ریفر کر دی.















