لاہور (نیوز ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی 121 مقدمات میں کارروائی روکنے کیلئے درخواست لاہور ہائیکورٹ میں میں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی،جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل 2 رکنی بنچ آج سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، اینٹی کرپشن، نیب ،سیکرٹری داخلہ، وزارت قانون، دفاع، سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن ، ایف آئی اے، وزیر اعظم، پیمرا اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔ عمران خان نے درخواست میں یہ موقف اپنایا کہ ملک میں مجھ پر 121 ایف آئی آر درج کی گئیں، مقدمات کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں درج کئےگئے ہیں، تحریک انصاف کے سپورٹرز کو نظربند اور گرفتار کیا جا رہا ہے، نگران صوبائی حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیاں کی گئی ہیں،درخواست کے فیصلے تک تمام مقدمات میں کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے، عدالت بغیر نوٹس فوجداری کارروائی کرنے سے روکنے کا حکم جاری کرے۔















