اہم خبریں

پنجاب میں عام انتخابات،سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا

اسلام آبا د (اے بی این نیوز)سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی پر اٹارنی جنرل، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے فنڈز فراہم نہیں کئے، عدالتی حکم عدولی کے نتائج قانون میں واضح اور سب کو معلوم ہیں۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب میں انتخابات کیلئے 14 مئی کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور اداروں کو الیکشن کمیشن کی مالی و دیگر لحاظ سے معاونت کی ہدایت کی تھی۔سپریم کورٹ نے تمام اداروں کو 10 اپریل تک اپنی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا تاہم الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 11 اپریل کو اپنا جواب جمع کرایا، جس میں بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے فنڈز فراہم کئے گئے اور نہ ہی سیکیورٹی سے متعلق معاملات طے پاسکے ہیں۔سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی پر اٹارنی جنرل، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیئے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے فنڈز فراہم نہیں کئے، فنڈز کی عدم فراہمی عدالتی احکامات کی حکم عدولی ہے، عدالتی حکم عدولی کے نتائج قانون میں واضح اور سب کو معلوم ہیں۔چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے تمام افسران کو 14 اپریل کو چیمبر میں طلب کرلیا۔ نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ الیکشن کیلئے فنڈز کی فراہمی توہین عدالت کی کارروائی سے زیادہ اہم ہے۔عدالت عظمیٰ نے گورنر اسٹیٹ بینک کو دستیاب وسائل سے متعلق تمام تفصیلات اور سیکریٹری خزانہ کو بھی تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کردی۔نوٹس میں تمام فریقین سے مزید کہنا ہے کہ بتایا جائے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کیوں نہیں کیا گیا۔سپریم کورٹ نے نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات کے حوالے سے تمام ریکارڈ بھی فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔سپریم کورٹ کا نوٹس میں یہ بھی کہنا ہے کہ عدالتی حکم عدولی کرنے اور اس پر اکسانے والوں کیخلاف کارروائی ہوسکتی ہے، بروقت انتخابات نہ کروانا آئین کو خطرے میں ڈالنا ہے، انتخابات جیسے اہم ترین معاملے پر فنڈ جاری نہ کرنا فوری توجہ کا طلبگار ہے۔سپریم کورٹ نے مزید کہا ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک حکومت کے پاس موجود تمام تر پیسے کی تفصیلات ہمراہ لائیں، عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔پنجاب انتخابات پر الیکشن کمیشن کی ایک صفحے پر مشتمل رپورٹ چیف جسٹس آف پاکستان کو پیش کردی گئی، الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں انتخابات کیلئے3 لاکھ سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی ہے، نگراں حکومت نے سیکیورٹی کیلئے صرف75ہزار اہلکار دینے کی رضامندی ظاہر کی۔رپورٹ کے مطابق پنجاب انتخابات کےلیے فنڈزدیئے گئے نہ ہی مطلوبہ سیکیورٹی فورس دی گئی،21ارب روپے تاحال فراہم نہیں کیے گئے۔

متعلقہ خبریں