تاخیر سے ہی لیکن عارف علوی نے بھی اعتراف کرلیا عمران خان سلیکٹڈ تھے۔۔۔۔۔ وفاقی وزیر شیری رحمان کا طنز

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنماء وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تاخیر سے ہی لیکن عارف علوی نے بھی اعتراف کرلیا کہ عمران خان سلیکٹڈ تھے۔پیر کوپاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنماء شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ عارف علوی کا بیان عمران خان کےخلاف چارج شیٹ ہے، عمران خان آج کل سابق آرمی چیف پر حکومت کے خلاف سازش کا الزام لگا رہے ہیں اور ان کے صدر کہہ رہے ہیں کہ سابق آرمی چیف نے ہی سینیٹ اور عام انتخابات میں ان کی مدد کی،تاخیر سے ہی لیکن عارف علوی نے بھی اعتراف کرلیا کہ عمران خان سلیکٹڈ تھے، پی ٹی آئی کو اس پر وضاحت دینی چاہیے، بلاول بھٹو نے پہلے دن ہی اسمبلی فلور پر کہا تھا کہ یہ سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک طرف اسٹیبلشمنٹ پرالزام تراشی کررہے ہیں اور دوسری طرف انہیں سیاسی، انتظامی کردار اداکرنےکاکہہ رہےہیں، وہ اداروں کو سیاسی اور انتظامی معاملات میں مداخلت پر اکسارہے ہیں، انہیں چاہیے کہ اداروں کو اپنے سیاسی بیانیےکا حصہ بنانے سے گریز کریں۔