اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آئینی بحران کی کیفیت ہے ، میں نے وزیراعظم کے کہنے پر امریکہ کا دورہ ملتوی کیا، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے کا حکم دے رکھا ہے ۔ پاکستان آئی ایم ایف کا ممبر ہے کوئی بھکاری نہیں، قومی مفادات پر غیرضروری تبصرے مناسب نہیں، 21 ارب روپے پنجاب الیکشن کیلئے جاری کرنے کا عدالتی حکم ہے ۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ آج سحری سے پہلے روانہ ہوکر کل امریکا پہنچنا تھا، پرسوں سے ورلڈ بینک سے اسپرنگ میٹنگ میں شرکت کرنی تھی لیکن آئی ایم ایف اجلاس سے متعلق میڈیا پر قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں، آئی ایم ایف کی اپریل میں اسپرنگز اور سالانہ میٹنگز ہوتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئینی بحران کی کیفیت ہے، بحیثیت قوم ہم ایک بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں، وزیراعظم کے کہنے پر میں نے دورہ امریکا ملتوی کر دیا ہے، ملکی حالات کے پیش نظر واشنگٹن میں میٹنگز میں ورچوئل شرکت کروں گا۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا اہم قومی معاملات پر لوز ٹاک اور لوز تجزیہ مناسب نہیں ہے، کوئی کہہ رہا ہے کہ مجھے آئی ایم ایف نے منع کر دیا ہے، مجھے آئی ایم ایف منع نہیں کر سکتا، پاکستان آئی ایم ایف کا ممبر ہے بھکاری نہیں ہے۔















