اہم خبریں

جو سیاسی پارٹی الیکشن سے بھاگے گی اسکی سیاست دفن ہو جائے گی،وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد(اے بی این نیوز)    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوئی سیاسی پارٹی الیکشن سے نہیں بھاگ رہی، جو پارٹی الیکشن سے بھاگے گی اس کی سیاست دفن ہو جائے گی۔اسلام آباد میں لائرز کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وکلا سے زیادہ آئین و قانون کیلئے کسی نے جدوجہد نہیں کی، وکلا نے عدلیہ بحالی کیلئے گولیاں، ڈنڈے کھائے، ہمیں تو حکم دیا جاتا ہے وزیر اعظم تنہا کچھ نہیں، جنہوں نے یہ حکم دیا اپنے اوپر فیصلہ کیوں نہیں لاگو کرتے، عدالت کا ہم سب احترام کرتے ہیں، 9 رکنی بینچ بنا پھر آخر میں 3 رکنی بینچ رہ گیا، چار، تین کی ایک بحث چل رہی تھی۔ لائرز کمپلیکس میں اگر سپورٹس کمپلیکس نہیں تو اسے شامل کیا جائے، خواتین اور مردوں کیلئے سوئمنگ پول بھی ہونا چاہیے، وکلا نے قانون کی حکمرانی اور انصاف کے حصول کیلئے جدوجہد کی، وکلا کو یہ مقام کسی نے پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیا، انہوں نےعدلیہ بحالی کیلئے قربانیاں دی ہیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم نے آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ کرنا ہے یا ذاتی لڑائیاں لڑنی ہیں، آج بھی عدالت سے کہیں گے اپنے فیصلے پر ریویو کرے، عدالت فل کورٹ بنا دے جو فیصلہ ہو گا قبول ہو گا، بڑا آدمی وہی ہوتا ہے جو اپنی غلطی کو تسلیم کر لے، چیلنجز کا مقابلہ تنہا نہیں کر سکتا تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، ابھی بھی موقع ہے وہ فیصلہ کریں جو پاکستان کے بہترین مفاد میں ہو۔وزیر اعظم نے کہا کہ اگر فل کورٹ کا مطالبہ مان لیا جاتا تو کوئی بھی اختلاف نہ کرتا، قاضی فائز عیسیٰ بینچ کے فیصلے کو سرکلر کے ذریعے ختم کیا گیا، کوئی سیاسی پارٹی الیکشن سے نہیں بھاگ رہی، جو پارٹی الیکشن سے بھاگے گی اس کی سیاست دفن ہو جائے گی، ہم نے اپیل دائر کی ہوئی ہے اس کا اتا پتا نہیں، سیاسی پارٹیوں کو فریق نہیں بنایا گیا، ہر اسٹیک ہولڈرز کو اپنے گریبان میں جھانکنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں