اسلام آباد(نیوزڈیسک) پنجاب خیبرپختونخوا انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت شروع کر دی۔اٹارنی جنرل اور سیاسی جماعتوں کے وکلا کی جانب سے بینچ پر اعتراضات اٹھائے جانے کا امکان ہے، حکومتی اتحاد میں شامل تین بڑی جماعتیں چیف جسٹس سے فل کورٹ بنانے کی استدعا کریں گی جبکہ فل کورٹ کی استدعا مسترد ہونے پر عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا ۔پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اور کے پی انتخابات 8 اکتوبر تک ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس کی سماعت پیر ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کر دی تھی۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال پر مشتمل تین رکنی بنچ نے سماعت کے دوران کہا تھا کہ توقع ہے کہ پیر کا سورج اچھی نوید لے کر طلوع ہوگا۔















