اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر کہا کہ ہمیں اندرونی خلفشار ختم کر کے ملک کی ترقی کے لیے مل کر مخنت کرنی چاہیے، بھارت میں بڑھتی ہوئی مذہبی منافرت دو قومی نظریےکی صداقت کو ثابت کرتی ہے۔ اتوار کو یوم قائد پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائد اعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہی انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے، قائد کے سنہرے اصولوں پر عمل کر کے ہی پاکستان کو فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے، قوم کو آج قائداعظم کے وضع کردہ اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، ہمیں اندرونی خلفشار ختم کر کے ملک کی ترقی کے لیے شبانہ روز محنت کرنی ہے، قائداعظم کی زندگی اصول پسندی، آئینی جدوجہد اور سیاسی بصیرت کی عکاس ہے، قائداعظم کی زندگی ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں کا عملی نمونہ تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ بھارت میں بڑھتی ہوئی مذہبی منافرت دو قومی نظریے کی صداقت کو ثابت کرتی ہے۔