سیری پٹن (نیوزڈیسک)لوئر کوہستان میں گھر میں خوفناک آتشزدگی کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو1122 کے مطابق لوئر کوہستان کے علاقے سیری پٹن میں محمد خان لوہار کے گھر میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث گھر کی چھت گرگئی اور رہائشی افراد ملبے تلے دب گئے۔ریسکیو 1122 نے سرچ آپریشن کے دوران 13 افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا جہاں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 زخمی زیر علاج ہیں۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 7 بچے اور 3 عورتیں شامل ہیں۔ریسکیو1122 کے مطابق ملبہ ہٹانے کا کام تاحال جاری ہے۔ لواحقین کے مطابق ملبے تلے مزید کوئی بھی شخص لاپتہ نہیں ہے۔دوسری جانب لوئر کوہستان میں 10 افراد کے جاں بحق ہونے پر اہل علاقہ سراپا احتجاج ہیں، مظاہرین نے لاشوں کو سٹرک پر رک کر احتجاج شروع کردیا۔مظاہرین نے شاہراہ ریشم کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا اور ریسکیو اہلکاروں کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکاروں کے بروقت نہ پہنچنے پر 10 افراد جان کی بازی ہار گئے،لوئر کوہستان کے علاقے سیری پٹن کے مقام پر گھر میں آتشزدگی سے 10 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ سے ماں باپ سمیت ایک ہی خاندان کے لوگ جاں بحق ہوئے۔آگ کے باعث گھر کی چھتیں گر گئیں،امدادی سرگرمیاں ابھی جاری ہیں،ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ سے گھر کا سامان اورمویشی بھی جل گئے۔















