ٹی ٹی پی پاکستان کیلئے ریڈ لائن ہے،ہم ان کیخلاف سخت کارروائی کر رہے ہیں، وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی گفتگو

واشنگٹن(نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) پاکستان کے لیے ریڈ لائن ہے اس کے خلاف سخت کارروائی کررہے ہیں۔جمعرات کو وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹی پی کو اگر افغانستان سے مدد یا سہولت فراہم کی گئی تو یہ پاکستان اورافغانستان کے تعلقات کے لیے برا ہوگا۔انہوں نے کہ کہا افغان طالبان سے بات اب بھی کی جاسکتی ہے۔ ہم یہ واضح کرچکے ہیں کہ ٹی ٹی پی پاکستان کے لیے ریڈ لائن ہے اور ہم اپنی سرزمین پر ان کے خلاف سخت کارروائی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پڑوسی ملک سے توقع کرتے ہیں کہ وہ دہشتگرد گروپوں کے خلاف کارروائی کی نیت اور صلاحیت دکھائیں گے کیونکہ دہشت گردی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغانستان سے بات ضرور کرنا چاہیے ہے لیکن بات کرنے کا یہ مطلب نہیں کہ ہم ان کی پالیسی کی توثیق کرتے ہیں۔