ہرنائی (نیوزڈیسک) دہشتگردوں کی کوئلے کی کان کے قریب فائرنگ ، 4 کان کن جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔لیویز ذرائع کبمطابق دہشتگروں نے خوست کوئل مائنز ایریا میں کان کنوں کے ڈیرے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 کان کن جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔لیویز حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے کوئلے کی 11 کانوں کو بھی آگ لگا دی جبکہ واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔لیویز حکام کے مطابق لیویز فورس نے علاقے کی ناکہ بندی کردی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہرنائی کے علاقے خوست میں کوئلہ کان کنوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ۔عبدالقدوس بزنجو نے فائرنگ سے 4 کان کنوں کے جاں بحق اور 3 کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب اور بے قصور محنت کشوں کو مارنے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں، ایسے قابل نفرت عمل میں ملوث عناصر سخت ترین سزا کے حق دار ہیں، دنیا کا کوئی بھی مذہب اور معاشرہ بے گناہ لوگوں کا خون بہانے کی اجازت نہیں دیتا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ دہشت گردی کے بد ترین واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل برؤے کار لائے جائیں، مائننگ کے علاقوں میں سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے۔وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے جاں بحق کان کنوں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت لواحقین کی بھرپور معاونت کرے گی، زخمی کان کنوں کا علاج حکومتی اخراجات پر کرایا جائے گا، دعا ہے کہ اللہ تعالی مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کو صبر عطاء کرے۔















