اسلام آباد(نیوزڈیسک)ملک میں طوفانی مہنگائی نے جہاں عوام کا جینا دوبھر کردیا وہاں حکومت نے عوام کی کمر توڑنے کی پوری تیاری کرلی ۔ اگست اور ستمبر 2022 کے مؤخر بقایاجات کی وصولی کیلئے نیپرا میں درخواست دائر کی گئی ۔نیپرا بجلی 14 روپے 24 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت 2 مارچ کو کرے گا۔اپنی درخواست میں حکومت نے بجلی صارفین سے بقایا جات 8 ماہ میں وصول کرنے کی استدعا کی۔نیپرا کو کی گئی درخواست منظور ہونے پر اس کا اطلاق ملک بھر کے صارفین بشمول کے الیکڑک اور زرعی صارفین پر بھی ہوگا۔200 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے کے الیکڑک صارفین سے9 روپے 97 پیسے فی یونٹ جب کہ 300 یونٹ والے صارفین سے 13 روپے 87 پیسے فی یونٹ وصولی کی اجازت مانگی گئی ۔ملک کے دیگر حصوں میں 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے 10 روپے 34 پیسے جب کہ 300 یونٹ تک کے صارفین سے 14 روپے 24 پیسے وصولی کی درخواست کی گئی ہے۔اس کے علاوہ زرعی صارفین سے 9 روپے 90 پیسے فی یونٹ وصولی کی اجازت مانگی گئی ہے۔















