چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا استعفیٰ فاشسٹ نظام کے ٹوٹنے کی طرف اہم قدم،فواد چودھری

لاہور( نیوز ڈیسک) مرکزی رہنما پی ٹی آئی وسابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے چیئرمین نیب آفتاب سلطان کے استعفیٰ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کا استعفیٰ فاشسٹ نظام کے ٹوٹنے کی طرف بڑا قدم ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے چیئرمین نیب کے استعفیٰ کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ آفتاب سلطان نے اپنے کام میں “مداخلت” کے خلاف استعفیٰ دیا، چیف الیکشن کمشنر کیلئے چیئرمین نیب کے استعفیٰ میں بڑا پیغام ہے، میں ان 22 افسران کو جن کو پنجاب میں مداخلت کرنے کیلئے لگایا گیا ہے کہتا ہوں وہ بھی خود کو اس نظام سے علیحدہ کریں، یہ ملک اور بیوروکریسی دونوں کے مفاد میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کا استعفیٰ تحریک انصاف کے مؤقف کی واضح توثیق ہے، روزِ اول سے کہہ رہے ہیں کہ نظامِ احتساب کی تباہی این آر او دیکر لائے گئے مجرموں کا کلیدی ہدف ہے، ان مجرموں نے سازش سے اقتدار ملتے ہی سب سے پہلے نیب کو تباہ کیا، اپنے 11 سو ارب کی چوری بچانے کیلئے انہوں نے نیب قانون میں نہایت شرمناک ترامیم کیں۔فواد چودھری نے کہا کہ لازم ہے ریاستی ادارے مجرموں کے اشاروں پر کھیلنے کی بجائے آئین و قانون کی بالادستی کی راہ اختیار کریں، کٹھ پتلی راج انشاءاللہ جلد انجام کو پہنچے گا، ریاست اور عوام کو آگے بڑھنا ہے۔