کلر کہار (نیوز ڈیسک) کلرکہار کے قریب بریک فیل ہونے سے براتیو ں کی بس کو حادثہ جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ،متعد د زخمی کا حالت تشویشناک ہے ۔تفصیلات کے مطابق بس اسلام آباد سے لاہور جا رہی تھی جبکہ حادثہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا، بس درمیانی دیوار توڑ کر دوسری طرف کئی گاڑیوں سے ٹکرانے کے بعد الٹی، بس کے اندر پھنسے افراد کو نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے،حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں جبکہ حادثے کے تمام زخمیوں کو ٹراما سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے، ہسپتال میں موٹروے پولیس، پنجاب پولیس ، ریسکیو 1122 اور ہیلتھ کا عملہ موجود ہے، ریسکیو حکام کے مطابق بس دوسرے ٹریک سے آنے والی 3 گاڑیوں سے بھی ٹکرائی ہے۔دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے جبکہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بھی افسوسناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کے لئے دعا بھی کی اور ریسکیو حکام کو حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی۔















