اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں پیر کی رات اور منگل کے روز تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی رات اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور تیز ہواؤں و گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا 30 فیصد امکان ہے۔ منگل کو بھی اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پیر کی رات پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم مری، گلیات، لیہ، بھکر، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان، تونسہ، ملتان اور مظفرگڑھ میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
منگل کے روز مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور اور ملحقہ علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔
شام اور رات کے اوقات میں سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، میانوالی، خوشاب، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ملتان اور بہاولنگر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی رات دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، کوہاٹ، کرم، پاراچنار اور ہنگو میں بارش کا امکان ہے۔
منگل کی شام اور رات خیبر پختونخوا کے بیشتر بالائی اور میدانی اضلاع، جن میں مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، لکی مروت، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان شامل ہیں، میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
سندھ میں پیر کی رات لاڑکانہ، دادو اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، جبکہ منگل کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور دن کے وقت گرم رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان میں پیر کی رات ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، خضدار، آواران اور پنجگور میں بارش متوقع ہے، تاہم منگل کے روز صوبے بھر میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں پیر کی رات اور منگل کو مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش بھی ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں:مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اعلان، جمادی الاول کا چاند نظر آگیا















