کراچی: حکومت سندھ نے شہریوں کو بہتر اور آسان سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پیپلز بس سروس کا دائرہ کار مزید بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس حوالے سے سینئر صوبائی وزیر اور وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں عوامی ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پیپلز بس سروس کی توسیع کے ساتھ ڈبل ڈیکر بسوں کی سروس، الیکٹرک وہیکل (ای وی) ٹیکسی سروس، پنک اسکوٹیز اور بی آر ٹی منصوبوں سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبائی حکام نے عوام کے لیے سفری سہولتوں کو مزید بہتر بنانے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے دائرے کو وسیع کرنے سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا۔ حکومت سندھ کا مقصد شہریوں کو نسبتاً آسان، بہتر اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عامر بہزاد میمن سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبوں کی موجودہ صورتحال، آئندہ کے اقدامات اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
حکومت سندھ کی جانب سے پیپلز بس سروس کو وسعت دینے کے فیصلے سے مزید شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آنے کی توقع ہے، جبکہ دیگر منصوبوں پر پیش رفت سے صوبے میں جدید سفری نظام کے فروغ کی راہ بھی ہموار ہوسکتی ہے۔















