اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) علاقائی تعاون کا ایک اہم فورم بن چکی ہے، جو 3 ارب سے زائد لوگوں کی زندگیوں میں بامعنی بہتری لانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ اجلاس سے خطاب کو اپنے لیے باعثِ اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 2027 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی سنبھال لی ہے۔
انہوں نے اجلاس کی کامیاب میزبانی اور تنظیم کی مؤثر قیادت پر کرغزستان کو مبارکباد بھی پیش کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ 25 برسوں کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم علاقائی تعاون کے ایک اہم فورم کے طور پر ابھری ہے۔ اجلاس کے دوران دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا بھی ذکر کیا گیا۔
پانی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پانی خطے کی زندگی ہے اور اسے کبھی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ مشترکہ دریاؤں اور پانی کے وسائل سے متعلق پابند معاہدوں پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی ایس سی او سربراہی ’’تصور کو عمل میں بدلنا، رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘‘ کے وژن کے تحت چلائے گا۔
شہباز شریف نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ایس سی او مزید مضبوطی کی جانب گامزن رہے گی اور تنظیم کے رکن ممالک کے 3 ارب سے زائد عوام کی زندگیوں میں بامعنی بہتری لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
مزید پڑھیں:عالمی مارکیٹ میں بڑی ہلچل، سونا چاندی کی قیمتیں مزید گر گئیں















