دبئی (اے بی این نیوز) پاکستانی شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی،متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجراء دوبارہ شروع کر دیا ہے، جس سے کئی ماہ سے جاری غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہو گیا۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواست دینے والے پاکستانی شہریوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجرا بحال کر دیا گیا ہے۔ اس پیشرفت کی تصدیق ٹریول انڈسٹری کے نمائندوں اور پاکستان میں یو اے ای سفارت خانے کے ایک اہلکار نے بھی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان سفر میں آسانی پیدا ہوگی، جبکہ سب سے زیادہ فائدہ ان خاندانوں کو ہوگا جن کی ویزا درخواستیں اب پہلے کے مقابلے میں تیزی سے منظور ہو رہی ہیں۔
ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے سے ویزا منظوری کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، خاص طور پر فیملی وزٹ ویزا درخواستوں کی منظوری کا تناسب بڑھ گیا ہے، جبکہ انفرادی درخواست گزاروں کو ماضی میں زیادہ ریجیکشن کا سامنا رہا تھا۔
سرکاری امیگریشن اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سے متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جولائی کے آخری ہفتے تک روزانہ تقریباً 400 پاکستانی مسافر دبئی روانہ ہو رہے تھے، جبکہ گرمیوں کے آغاز میں یہ تعداد صرف 170 مسافر یومیہ تھی۔
پاکستان میں یو اے ای سفارت خانے کے ایک اہلکار نے بھی تصدیق کی ہے کہ رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے مکمل دستاویزات کے ساتھ درخواست دینے والے عام پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے وزٹ ویزا دوبارہ دستیاب ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں سیکیورٹی اور حفاظتی خدشات کے باعث تاخیر ہوئی تھی، تاہم اب اہل درخواست گزار آسانی سے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:سعودی عرب کا بڑا فیصلہ، پاکستانیوں کے لیے اہم اعلان















