اہم خبریں

بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان

اسلام آباد(اے بی این نیوز) نیپرا میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 1.20 روپے اضافے کی درخواست زیر سماعت ہے، درخواست منظوری کی صورت میں اگست کے بجلی کے بل ملک بھر کے صارفین کیلئے مہنگے ہوسکتے ہیں۔

مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ملک بھر کے بجلی کے بجلی صارفین کیلئے ایک اور تشویشناک خبر سامنے آئی ہے، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں بجلی کی قیمت میں ایک ماہ کے لیے فی یونٹ ایک روپے 20 پیسے اضافے کی درخواست زیر سماعت ہے، اگر یہ درخواست منظور ہوتی ہے تو اس کا اطلاق اگست کے بلوں پر ہوگا جس سے کراچی سمیت ملک بھر کے لاکھوں صارفین کو اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ (CPPA) نے جون کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (FCA) کی مد میں بجلی کی قیمت بڑھانے کی درخواست نیپرا کو جمع کرا رکھی ہے، اس درخواست پر آج سماعت کی جارہی ہے جس کے بعد ریگولیٹری اتھارٹی تمام دستیاب اعداد و شمار اور متعلقہ فریقین کا موقف سننے کے بعد اپنا حتمی فیصلہ جاری کرے گی۔

سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق جون کے دوران ملک میں بجلی کی پیداوار کا سب سے بڑا حصہ ہائیڈرل ذرائع سے حاصل کیا گیا جو مجموعی پیداوار کا 39 فیصد رہا۔ اس کے علاؤہ مقامی کوئلے سے 10.11 فیصد جبکہ درآمدی کوئلے سے 12.65 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

اسی عرصے میں درآمدی گیس سے 11.02 فیصد اور نیوکلیئر ذرائع سے 13.40 فیصد سے بجلی پیدا کی گئی ہے، بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے مختلف ایندھن کی لاگت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ماہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کا تعین کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کے بلوں میں کمی یا اضافہ کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں۔تعلیمی ادارے کب کھلیں گے؟ بڑی خبر آگئی

متعلقہ خبریں