اہم خبریں

جے ڈی وینس کا شہباز شریف اور عاصم منیر کی سفارتی قیادت کو خراجِ تحسین

برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ (اے بی این نیوز)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سفارتی عمل کو “تاریخی” قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور سفارتی کردار کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

جھیل لوسرن سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ پاکستان کی فعال سفارت کاری کے بغیر امریکہ اور ایران کے درمیان یہ پیش رفت ممکن نہ تھی۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو عظیم فوجی رہنما، سیاستدان اور سفارت کار قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ان کی سب سے زیادہ گفتگو انہی کے ساتھ ہوئی۔

وینس نے وزیراعظم شہباز شریف کی محتاط اور مؤثر سفارت کاری کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی قیادت نے مذاکرات کو اس اہم مرحلے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے قطر کے کردار کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے اسے امریکہ کا قریبی دوست اور امن عمل کا مؤثر شراکت دار کہا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات خطے میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کی بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جے ڈی وینس، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور قطری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سفارت کاری ہی علاقائی تنازعات کے حل کا مؤثر راستہ ہے۔

وزیراعظم نے ایرانی قیادت، بالخصوص مجتبیٰ خامنہ ای، مسعود پزشکیان اور محمد باقر قالیباف کی جانب سے کشیدگی میں کمی اور امن کے لیے اختیار کیے گئے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں مذاکرات اور دیرپا استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں: قطر کے راس لفان گیس کمپلیکس میں دھماکا،متعدد افراد زخمی

متعلقہ خبریں