اہم خبریں

وفاقی بجٹ 2026 ممکنہ طور پر 12 جون کو پیش کیا جائے گا

اسلام آباد: وفاقی بجٹ 2026 کی پیشی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ ممکنہ طور پر 12 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ بجٹ اجلاس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس طلب کرنے کی سمریاں ارسال کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 10 جون کو شام 5 بجے بلانے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ سینیٹ کا اجلاس اسی روز شام 4 بجے منعقد کرنے کے لیے الگ سمری بھی بھیج دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ابتدا میں وفاقی بجٹ 5 جون کو پیش کیے جانے کا امکان تھا، تاہم بعد ازاں قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کے اجلاس میں تاخیر کے باعث بجٹ کی تاریخ مؤخر کردی گئی۔ بعد میں 10 یا 12 جون کی تاریخوں پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے 7 ارب ڈالر کے پروگرام کے تحت تیار کر رہی ہے، جس کے باعث مالیاتی اہداف اور اصلاحاتی اقدامات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

دوسری جانب وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی وسائل کی تقسیم، این ایف سی ایوارڈ میں حصص اور ترقیاتی بجٹ سے متعلق معاملات بھی بجٹ کی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

وفاقی بجٹ 2026 پیش ہونے کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اس پر تفصیلی بحث ہوگی، جس کے بعد منظوری کا عمل مکمل کیا جائے گا تاکہ یکم جولائی سے نئے مالی سال کا آغاز ہوسکے۔

متعلقہ خبریں