اہم خبریں

بابر تاج کی جعلی سگریٹ فیکٹری پر چھاپہ، جوائنٹ عوامی کمیٹی کے کور ممبر انجم زمان سمیت دیگر گرفتار

بابر تاج کی جعلی سگریٹ فیکٹری پر چھاپہ، کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر انجم زمان سمیت دیگر گرفتار

مظفرآباد (اے بی این نیوز) سیکیورٹی اور تحقیقاتی اداروں نے مظفرآباد میں مبینہ جعلی سگریٹ مافیا اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران مبینہ جعلی سگریٹ مافیا کے سرغنہ بابر تاج کی فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے بابر تاج کو گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر تاج پر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مبینہ سہولت کار ہونے کا بھی الزام ہے۔

ذرائع کے مطابق کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی کور کمیٹی کے ارکان انجم زمان، راجہ صہیب سمیت متعدد افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مبینہ جعلی سگریٹ نیٹ ورک اور اس کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے۔

کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں آتشیں اسلحہ، واکی ٹاکیز اور دیگر ممنوعہ سامان برآمد ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحہ اور مواصلاتی آلات کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات کے ساتھ مزید گرفتاریوں کا امکان بھی موجود ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق کارروائی اہم شواہد کی بنیاد پر کی گئی اور مبینہ مالی معاونت سمیت نیٹ ورک کے دیگر کرداروں کی تلاش جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق جعلی سگریٹ کے کاروبار، مبینہ سہولت کاروں اور ان کے ممکنہ روابط کے حوالے سے تحقیقات میں مزید اہم پیش رفت متوقع ہے۔
مزید پڑھیں‌:ملک کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کا امکان، الرٹ جاری

متعلقہ خبریں