اسلام آباد: وفاقی بجٹ 2026-27 کو 10 جون 2026 کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق بجٹ اجلاس شام 5 بجے منعقد ہوگا جبکہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کرنے کے لیے سمریاں منظوری کے لیے بھجوا دی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے مالی سال کے بجٹ کی تجاویز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پیش کریں گے۔ اس سے قبل بجٹ 5 جون کو پیش کیے جانے کا امکان تھا، تاہم بعد ازاں حکومت نے تاریخ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا۔
یہ فیصلہ بدھ کے روز ہونے والے ایک اہم مشاورتی اجلاس میں کیا گیا جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں بجٹ سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران موجودہ اور ترقیاتی اخراجات، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP)، مالیاتی استحکام، عوامی فلاحی منصوبوں اور معاشی ترقی کے اہداف پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے متفقہ طور پر وزیراعظم شہباز شریف کو سفارش کی کہ وفاقی بجٹ 2026-27 کا اعلان 10 جون کو کیا جائے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سید نوید قمر، شیری رحمٰن، سلیم مانڈوی والا، جام خان شورو، بلال اظہر کیانی، طارق باجوہ، امداد اللہ بوسال اور ایف بی آر کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
ماہرین کے مطابق آئندہ بجٹ میں معاشی استحکام، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی ریلیف سے متعلق اہم اقدامات متوقع ہیں، جن پر عوام اور کاروباری حلقوں کی نظریں مرکوز ہیں۔















