اسلام آباد (اے بی این نیوز)کنگڈم ویلی کے مالک غلام حسین شاہد کے خلاف 31 کروڑ روپے فراڈ کیس، عبوری ضمانت میں توسیع اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں کنگڈم ویلی کے مالک غلام حسین شاہد کے خلاف پلاٹس اور فائلوں کے بدلے مبینہ طور پر 31 کروڑ روپے ہڑپ کرنے کے مقدمے کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج محمد علی وڑائچ نے کی۔
سماعت کے دوران ملزم غلام حسین شاہد عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزم کی جانب سے دائر درخواستِ ضمانت قبل از گرفتاری پر فریقین کے دلائل مکمل نہ ہو سکے، جس پر عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ملزم کی عبوری ضمانت میں 11 جون تک توسیع کر دی اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی، مقدمے کے مطابق غلام حسین شاہد پر الزام ہے کہ انہوں نے مختلف شہریوں سے پلاٹس اور فائلوں کی مد میں کروڑوں روپے وصول کیے لیکن وعدے کے مطابق پلاٹس فراہم نہیں کیے۔ اس سلسلے میں تھانہ کوہسار میں مقدمہ نمبر 391/26 درج ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزم اور اس کے ساتھیوں نے مختلف متاثرین سے سرمایہ کاری اور پلاٹس کی فراہمی کے نام پر رقوم وصول کیں، متاثرین کی جانب سے رقوم کی واپسی یا پلاٹس کی فراہمی کا مطالبہ کرنے پر مبینہ طور پر ٹال مٹول سے کام لیا گیا، جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
دوسری جانب عدالتی سماعت کے بعد احاطہ عدالت میں اس وقت صورتحال کشیدہ ہو گئی جب صحافی کی جانب سے سوال کیے جانے پر ملزم غلام حسین شاہد مبینہ طور پر برہم ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزم نے صحافی کا موبائل فون زمین پر مار کر توڑ دیا اور انہیں دھکے بھی دیے۔
واقعے کے بعد صحافی برادری نے اس رویے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیا جائے، عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی ہے جبکہ ملزم کو آئندہ تاریخ پر دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔















